ہند نے آسٹریلیا کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی سیریز1-1سے برابر کردی
سڈنی: ہند وستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ فاتح ٹیم نے 165 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔ کوہلی نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ کرونل پانڈیا نے 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔ پانڈیا میچ اور دھون سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سڈنی میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 164 رنز بنائے۔ ڈی آرسی شارٹ 33، فنچ 28، ایلکس کیری 27، گلین میکسویل 13 اور میکڈرموٹ بغیر کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوگئے۔ مارکس اسٹوئنس 25 اور نیتھن کولٹرنیل 13 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ کرونل پانڈیا نے 4 اور کلدیپ یادیو نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا۔ روہت شرما اور شیکھر دھون نے 67 رنز کا آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ دھون 41 اور شرما 23 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ لوکیش راہول 14 اور ریشبھ پانٹ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ کپتان ویرات کوہلی نے دنیش کارتھک کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ میں 60 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اینڈریو ٹائی، میکسویل، زمپا اور اسٹارک نے ایک،ایک وکٹ لی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں