جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آواز کو خاص رخ پر موڑنا ممکن
لندن- - - - شاید اب وہ دن دور نہیں جب گھر میں یا تقاریب میں اسپیکروں کی آواز ہر ایک کے کان تک پہنچنے کی بجائے صرف مخصوص لوگوں کو ہی سنائی دے گی۔برطانیہ میں یونیورسٹی آف برسٹل اور یونیورسٹی آف سسیکس نے میٹا مٹیریلز کی چھوٹی چھوٹی اینٹوں سے ایک چادر بنائی ہے۔ ہر اینٹ آواز کو کچھ دیر روکتی ہے اور اسے اینٹوں سے بنے آڑے ترچھے راستوں سے گزارتی ہے ۔ میٹا مٹیریلز سے بنی ہلکی پھلکی شیٹ کو کسی بھی اسپیکر یا لائوڈ اسپیکر پر لگا کر درست انداز میں آواز کو ایک خاص سمت میں پھینکا جاسکتا ہے جبکہ بقیہ افراد یہ آواز نہیں سن سکیں گے۔ اس طرح کسی بھی جگہ آوازوں کا مرکز قائم کیا جاسکتا ہے جہاں بیٹھے لوگ ہی آواز سن سکتے ہیں۔