پیاسے فضائی مسافر کو پانی کے بجائے برف کا پیالہ دیدیا گیا
سنگاپور- - - - پیاس ایک ایسی چیز ہے کہ اس کیفیت سے دوچار انسان پانی کے بغیر کسی دوسرے مشروب یا مشروب جیسی چیز سے کبھی مطمئن نہیں ہوتا۔ ایک حالت ہوتی ہے جب انسان کو شدید پیاس لگتی ہے اور وہ پانی پینا چاہتا ہے مگر بعض افراد کیساتھ ایسی ستم ظریفی بھی ہوجاتی ہے کہ اسے کوئی نام دینا مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ سے جاپانی شہر اوساکا جانے والی پرواز کے دوران اس وقت پیش آیا جب گینی گو ہ نامی مسافر نے پیاس محسوس ہونے پر پانی کا مطالبہ کیا مگر فضائی میزبانوں نے اسے پانی فراہم کرنے کے بجائے برف کے کچھ ٹکڑے پیالے میں رکھ کر دیدیئے۔ جب مسافر نے اسرار کیا کہ اسے پانی ہی چاہئے برف نہیں تووہ پانی لانے کے بجائے مسافروں کو یہ کہہ کر اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے کہ ذرا دیر بیٹھو یہ برف جلد ہی پانی بن جائیگی۔