مکی آرتھر کا سرفراز احمد کی قیادت پر بھرپور اعتماد
دبئی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرکی خوشی کی انتہا نہیں تھی جب یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے آخری بیٹسمین کو آوٹ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ابوظبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کے بعد آخری ایک گھنٹے کے خراب کھیل کے باعث مایوسی ہوئی تھی مگردبئی ٹیسٹ میں بطور ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔کوچ کا کہنا تھا کہ سرفراز بنیادی طور پر وکٹ کیپر ہیں اور یہی ان کا اصل کام ہے لیکن ان کی بیٹنگ پر بلا جواز تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ مکی آرتھرنے کہاکہ وہ قیادت کے ساتھ ساتھ بہتر انداز میں وکٹ کیپنگ کر رہے ہیں جبکہ بیٹنگ میں ہمیں جب ان کی ضرورت پڑی انہوں نے اپنا کردار ادا کیا ، آسڑیلیا کے خلاف ابوظبی ٹیسٹ اس کی ایک بڑی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت سخت حیرت ہوتی ہے جب ان کی ٹیسٹ قیادت کا ذکر کرتے ہوئے بیٹنگ کارکردگی پر تنقید کی جاتی ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے سب کو کپتان کی حمایت کرنی چاہئے ۔دبئی ٹیسٹ کی فتح پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں لیکن یہ افسوس بھی ہو رہا ہے کہ ہم ابوظبی میں جیتا ہوا میچ صرف 4رنز سے ہار گئے ۔ دبئی ٹیسٹ کی جیت ٹیم ورک کا نتیجہ تھی البتہ حارث سہیل، بابر اعظم کی بیٹنگ اور یاسر شاہ کی بولنگ پر بات نہ کرنا نا انصافی ہوگی،بالخصوص یاسر شاہ کا تیسرے دن کا اسپیل انتہائی دلکش تھا۔مکی آرتھر نے کہا کہ یاسر شاہ بہترین بولر ہے اور اس نے اپنی بولنگ سے ہمیں فتحیاب کیا، جہاں تک محمد عباس کی وکٹ نہ لینے کی بات ہے اس میں کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ بولنگ تو اچھی کررہا ہے۔مکی آرتھر نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹیسٹ ہار کر سیریز میں واپس آنا بڑی بات ہے اور اب ہم تیسرا ٹیسٹ نئی توانائی کے ساتھ کھیلنے اتریں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور مضامین پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں