افغانستان میں بمباری اور خود کش حملہ،55ہلاک
کابل...افغانستان میں بمباری اورخود کش دھماکے میں 55 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ طالبان شدت پسندوں نے کابل کے مشرقی علاقے میں برطانوی سیکیورٹی کمپنی پر حملہ کیا۔ 10افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔ خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ حملہ آوروں اورسیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے حملے کی ذ مہ داری قبول کر لی۔کابل پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ حملے کا ہدف جی فور ایس سیکیورٹی کمپنی تھی جو افغان سیکیورٹی فورسز کو تربیت اور برطانوی دفتر خارجہ کو سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ رہائشی علاقے میں واقع گھروں کو نقصان پہنچا۔افغان صوبہ ہلمند میں سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں 30 شہریوں اور 15 طالبان سمیت 45 افراد ہلاک ہو گئے۔افغان صوبائی کونسل کے سربراہ عطااللہ افغان نے بتایا کہ فوجی آپریشن کے دوران فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی جس میں خواتین اور مردوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد ماری گئی۔جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے میں 16طالبان مارے گئے شہری ہلاکتوں کی تعداد معلوم کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ دہشت گردوں نے علاقے میں اسلحہ ذخیرہ کیا ہوا تھا ۔ فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔