ہاکی ورلڈ کپ:پاکستان آغاز میں توازن کھو بیٹھا، جرمنی سے 0-1 کی شکست
بھوبنیشور: 14ویں ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے ابتدائی میچ میں شکست سے ٹورنامنٹ کا آغاز کر دیا۔ جرمنی کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد 0-1گول سے کامیابی حاصل کر لی۔ پول کے دوسرے میچ میں ہالینڈ نے ملائیشیا کویکطرفہ مقابلے میں 0-7سے ہرا دیا۔ ہند کی ریاست اوڈیشہ کے شہر بھوبنیشور میں جاری 14ویں ہاکی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم جرمنی کے خلاف میدان میں اتری۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور تیسرے کوارٹر تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔ تیسرے کوارٹر میں 36منٹ کے دوران جرمنی کے کھلاڑی مارکو ملٹکو نے فیلڈ گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے آخر تک قائم رہی ۔ پاکستانی کھلاڑی کوشش کے باوجود میچ برابر کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے ۔ اس دوران پاکستان کے کھلاڑیوں عرفان جونیئر اور محمد عرفان کو گرین کارڈ بھی دکھائے گئے جبکہ جرمنی کے ایک کھلاڑی کرسٹوفر روہر کو بھی گرین کارڈ ملا ۔دیگر مقابلوں کے دوران ہالینڈ نے ملائیشیا کو یکطرفہ مقابلے کے0-7کے بڑے مارجن سے ہرا دیا ۔ ڈچ ٹیم کھیل کے دوران چھائی رہی اور ملائیشیا کے دفاعی کھلاڑی حریف فارورڈز کو کامیاب حملوں سے روکنے میں با لکل ناکام رہے۔پاکستان پول میچ کے دوسرے میچ میں 5دسمبر کو ملائیشیا اور 9دسمبر کو ہالینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے مقابلے کیلئے میدان میں اترے گی۔ابتدائی میچ میں شکست کے باعث اگلے راونڈ تک رسائی کیلئے پاکستان کے امکانات معدوم نظر آرہے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں