”2.0“نے پہلے روز110کروڑ کمائے،”باہوبلی 2“کو نہ پچھاڑ سکی
بالی وڈ اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز کروڑوں روپے کما لئے ۔فلم ’2.0‘ ہندوستانی تاریخ کی میگا بجٹ فلم ہے جس پر 550 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔سائنس فکشن فلم کی نمائش ، شوٹنگ مکمل نہ ہونے اور دوسری بڑی فلموں سے باکس آفس پر تصادم کے باعث کئی بار آگے بڑھی لیکن اب فلم نے نمائش کے پہلے ہی روز تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’2.0‘ نے ریلیز کے پہلے روزہند سمیت دنیا بھر میں 110 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔فلم کو متعدد زبانوں میں ڈب کرکے پیش کیا گیا ۔ اس نے ہندی زبان میں نمائش کے پہلے روز 20 کروڑ 25 لاکھ روپے، تامل میں 20 کروڑ روپے، تیلگو میں 19 کروڑ، کیرالہ میں 5 کروڑ 50 لاکھ روپے اور کرناٹک میں8 کروڑروپے کی کمائی کرکے ہندوستان سے 85 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔رجنی کانت اور اکشے کی فلم کی جانب سے 110 کروڑروپے کی کمائی کئے جانے پر تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بلا شبہ فلم نے پہلے دن اچھی خاصی کمائی تو کی لیکن وہ ’باہو بلی 2‘ کی کمائی کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی جس نے ریلیز کے پہلے روز مجموعی طور پر دنیا بھر میں 121 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔ 550 کروڑروپے سے بننے والی میگا بجٹ فلم نے ریلیز سے قبل ہی سیٹلائٹ، ڈجیٹل اور ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 370 کروڑ روپے کی کمائی کرلی تھی۔ فلم ہندوستان میں 7 ہزار اسکرینز سمیت دنیا بھر میں ساڑھے 10ہزار اسکرینوں پر دکھائی جارہی ہے جبکہ فلم ’باہو بلی 2‘ دنیا بھر میں 9 ہزار اسکرینز کی زینت بنی تھی۔سائنس فکشن فلم 2.0میں رجنی کانت اور اکشے کمار مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ فلم کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔