اس سال افغان جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں،امریکہ
واشنگٹن... امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان میں رواں برس کے اختتام تک جنگ خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ افغانستان میں امن کے لئے اقوام متحدہ اور خطے کے دیگرممالک کا تعاون درکار ہے۔ انہوںنے کہا کہ جنگ کے خاتمے سے متعلق حکمت عملی میں امریکی فوجیوں کی افغانستان سے بے دخلی شامل نہیں۔ سابق سویت یونین کے حملے سے لیکر آج 40 برس ہوگئے۔ پوری کوشش ہے کہ رواں برس جنگ ختم ہوجائے، یہ عرصہ بہت ہوتا ہے۔ جنگ ختم کرنے کا یہ ٹھیک وقت ہے۔ افغانستان کے شہریوں کو ان کے ٹھیک راستے پر چھوڑ دیاجائے۔کیلیفورنیا میں قومی دفاعی حکمت عملی سے متعلق اجلاس میں انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں امن کا حصول عالمی فریقین سمیت خطے کے اہم کرداروں کی بدولت ممکن ہے۔ خطے کے دیگر ممالک اور اقوام متحدہ کی مدد حاصل کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے افغان شہریوں کی زندگیوں کو کوئی اہمیت نہیں دی۔ وہ ووٹ کے ذریعے کامیابی حاصل نہیں کرسکتے اس لئے دہشت پھیلا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ افغانستان میں امر یکہ کا واحدمقصد مفاہمت ہے۔ اسی مقصد کے لئے سفیر زلمے خلیل زاد کو مفاہمتی عمل کا انچارج مقرر کیا۔ پوری کوشش کہ جنگ کے خاتمے کا سیاسی حل نکلے۔