Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کروشیا کے لوکا موڈرچ سال کے بہترین فٹبالر قرار

 
پیرس:کروشیا کے فٹبالر اور اسپین کے مشہور کلب رئیل میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے لوکا موڈرچ نے سال کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈ ”بیلن ڈی اور“پر کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کی10سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ رونالڈو دوسرے جبکہ میسی پانچویں نمبر پر رہے ۔لوکا موڈرچ نے سال رواں کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف رٹیل میڈرڈ کو مسلسل تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے میں مدد فراہم کی بلکہ اپنی قومی ٹیم کروشیا کو ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی پہنچایا۔گزشتہ10سال کے دوران یہ پہلا موقع تھا جب یہ ایوارڈ میسی اور رونالڈو کے بجائے کسی اور فٹبالر کو ملا ہے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو بھی اس بات کا اندازہ تھا اور وہ ایوارڈز کی تقریب میں شریک بھی نہیں ہوئے تاہم ان کی کمی شدت سے محسوس کی گئی اور ان کی خالی نشستیں توجہ کا مرکز رہیں۔2007میں برازیلی فٹبالر کاکا نے یہ ایوارڈ جیتا تھا لیکن اس کے بعد یہ صرف کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے درمیان ہی گھومتارہا ۔اس ایوارڈ کے لئے موڈرچ نے اپنے حریفوں کو بڑے واضح فرق سے پیچھے چھوڑا۔ لیوکا موڈرچ کو 753پوائنٹس ملے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے رونالڈو نے 453اور تیسرے نمبر پر اینٹون گریزمان نے414پوائنٹس حاصل کئے ۔خواتین فٹبالر ز میں سال کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ناروے کی فٹبالر ایڈا ہیگربرگ کو دیا گیا جبکہ21سال سے کم عمر بہترین کھلاڑیوں کے زمرے میں فرانس کے کیلیان مباپے نمبر ون قرار پائے ۔ انہیں کوپا ٹرافی پیش کی گئی ۔موڈرچ اور مباپے ورلڈ کپ کے دوران بھی بہترین فٹبالر ز کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔تقریب سے خطاب میں موڈرچ نے کہا کہ یہ سب کچھ میرے لئے سہانے خواب سے بھی زیادہ ہے، میں جذبات کا اظہار کرنے سے قاصر ہوں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: