Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈیلیڈ ٹیسٹ :250کے جواب میں آسٹریلیا کے 191/7رنز

ایڈیلیڈ:آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن ہندوستانی ٹیم کی آخری وکٹ اسکور میں کسی اضافے کے بغیر گر گئی تاہم ہندوستانی بولرز نے زبر دست جوابی کارروائی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو191رنز پر 7وکٹوں سے محروم کردیا اسے ہندوستانی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے ابھی 59رنز کی ضرورت ہے جبکہ صرف 3وکٹیں باقی ہیں۔مڈل آرڈر بیٹسمین ٹریوس ہیڈ 61رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور ان کی بیٹنگ نے آسٹریلوی ٹیم کو ڈھیر ہونے سے بچا رکھا ہے ان کے ساتھ مچل اسٹارک 8رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے 9وکٹوں پر250رنزکے ساتھ پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو شامی پہلی ہی گیند پر کیچ ہو گئے۔جوش ہیزل وڈ نے3جبکہ ناتھن لیون، پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے2،2کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔میزبان ٹیم کی جانب سے ایرون فنچ اور مارکوس ہیرس نے اننگز کا آغاز کیا تو ایشانت شرما نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے ایرون فنچ کو صفر پر آوٹ کردیا ۔دوسرے اوپنر اور کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے مارکوس ہیرس نے عثمان خواجہ کے ساتھ اسکور کو 45رنز تک پہنچایا تو ایشون نے 26پر بیٹنگ کرنے والے ہیرس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا ۔ اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں مختصر وقفوں سے گرنے لگیں ۔ عثمان خواجہ نے28اور پیٹر ہینڈز کومب نے34رنز بناتے ہوئے وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی جو بمرا اور ایشون نے ناکام بنادی ۔177پر آسٹریلیا کی 7وکٹیں گر چکی تھیں اور اس کا ڈھیر ہوجانا یقینی لگ رہا تھا لیکن ٹریوس ہیڈ نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیئے رکھا۔دوسرے اینڈ پر ان کے ساتھ فاسٹ بولر مچل اسٹارک بھی ان کا ساتھ دیتے رہے ۔ دوسرے دن کا کھیل کا ختم ہوا تو میزبان ٹیم کا اسکور191رنز تھا ۔خساراپورا کرکے برتری کا حصول میزبان ٹیم کی بقیہ3وکٹوں کے لئے بڑا چیلنج نظر آتا ہے ۔روی چندرن ایشون دوسرے دن کامیاب بولر رہے، انہوں نے3وکٹیں لیں جبکہ ایشانت شرما اور جسپریت بمرا2،2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر چکے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: