نیوزی لینڈ نے پاکستان سے ٹیسٹ سیریز چھین لی
ابوظبی: نیوزی لینڈنے تیسرا ٹیسٹ باآسانی 123رنز سے جیت لیا۔کپتان کین ولیمسن کے جرات مندانہ فیصلہ سے نیوزی لینڈ نے1-2سے ٹیسٹ سیریزبھی جیت لی۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانیوالی 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کیلئے 280رنز کا ہدف مشکل ترین بنا دیا اور پوری ٹیم کو 156رنز پر آوٹ کردیا۔ یاسر شاہ کی 200ٹیسٹ وکٹیں ، محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ اور شاہین شاہ آفریدی کا ٹیسٹ ڈیبیو کے ساتھ اس ٹیسٹ میں 3یادگار لمحات کے باوجود پاکستان ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔کین ولیمسن نے مین آف دی میچ جبکہ یاسر شاہ نے مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 72رنز پر اس کے 4کھلاڑی آوٹ ہوگئے۔اس موقع پر کپتان کین ولیمسن نے ٹیم کو سنبھا ل لیا اور 89رنز کی خوبصورت اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کے 274رنز میں نمایاں اضافہ کیا ، واٹلنگ نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 77رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔بلال آصف نے 5جبکہ یاسر شاہ نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں محمد حفیظ نے امام الحق کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور صفر پر آوٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اظہر علی134رنز اور اسد شفیق 102رنز دونوں کی سنچریو ں کی بدولت پاکستان ٹیم بہتر اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی ۔348رنز بنا کر 74رنز کا اضافہ کر سکی۔ نیوزی لینڈ نے 74رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 60رنز پر اس کے 4کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔ اس موقع پر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ورلڈ ریکارڈ بناتے ہوئے تیز ترین 200وکٹیں حاصل کرنے کا اعزازحاصل کیا۔ میچ میں گرفت کمزور پڑتی دیکھ کر کپتان ولیمسن نے ایک بار پھر کپتان اننگز کھیلی اور انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 139رنز کی خوبصورت اننگز کھیلتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔ ہینری نکولس نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 126رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم کیلئے مسائل کا انبار کھڑا کر دیا۔ 353رنز پر 7کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر کین ولیمسن نے جرات مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی اور پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 280رنز کا ہدف دیا جو ناممکن نہیں تھا لیکن پاکستان کی ا بتدائی بیٹسمین ایک بار پھر ناکام ہوئے، محمد حفیظ ٹیسٹ کیریئر کی آخری اننگز میں 8رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ امام الحق22،اظہر علی 5حارث سہیل 9 اور اسد شفیق صفر پر آوٹ ہوئے۔ 55رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس جا چکی تھی۔ کپتان سرفراز احمد نے قدرے مزاحمت کی کوشش کی اور 28رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے ذمہ داری دکھانے کی کوشش کی اور نصف سنچری 51رنز بنا کرمیچ میں واپس آنے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ دوسری اننگز میں 56.1اوور میں 156رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ نے 123رنز سے شکست دے کر 1-2سے سیریز جیت لی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں