Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیونل میسی کے افغان فین کو اغوا برائے تاوان کی دھمکیاں

کابل: پلاسٹک کی تھیلی سے لیونل میسی کی شرٹ بناکر پہن لینے سے دنیا بھر میں مشہور ہونے والے افغان بچے کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں اوراسے اغوا برائے تاوان کی دھمکی ملی ہے۔ لیونل میسی کے 7 سالہ افغانی مداح مرتضیٰ احمدی کی تصویر 2سال قبل انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں مقبول ہوئی تھی جس میں انھیں پلاسٹک کی تھیلی کے اوپر اپنے آئیڈیل فٹبالر ارجنٹائن کے لیونل میسی کے نام اور نمبر کو تحریر کر کے جرسی کے طورپر پہنے دکھایا گیا تھا۔ یہ تصویر کابل کے قریبی شہر غزنی میں رہائش پذیر افغان خاندان کی غربت کی عکاسی بھی کر رہی تھی۔مرتضی کے بڑے بھائی 15 سالہ ہمایوں نے نیلے اور سفید دھاریوں والی پلاسٹک کی تھیلی سے ارجنٹائن کی ٹیم کی جرسی بنا کر دی اور اس پر مارکر سے لیونل میسی کا نام لکھ کر جنوری 2016 کے وسط میں تصویر فیس بک پر پوسٹ کر دی تھی۔لیونل میسی تک جب یہ خبر پہنچی تو میسی نے اپنے دستخط اور نیک خواہشات کے ساتھ اپنی شرٹ مرتضی کو تحفے کے طور پر پیش کردی۔ نومبر2017ءمیں لیونل میسی نے اپنے افغان فین کو قطر بلوا کرملاقات کی او ر اس تحفے میں اپنی شرٹ دی تھی۔میسی کے تحفے کے بعد اس بچے کو دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں جس کے باعث اس کو خاندان سمیت افغانستان سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان منتقل ہونا پڑا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد ہی یہ خاندان واپس افغانستان چلا گیا اب انہیں افغانستان میں دوبارہ دھمکی ملی ہے جس کے بعد مرتضیٰ اور اس کاخاندان آبائی علاقے سے ہجرت کر کے کابل چلا گیا ہے اور شدیدسردی میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہاہے۔مرتضیٰ کی والدہ شفیقہ احمدی نے کہا کہ ان کا بیٹا اب اسکول جانے سے قاصر ہے اور وہ کابل میں ایک ایسے کمرے میں رہنے پر مجبور ہے جہاں حد سے زیادہ ٹھنڈ ہے جس کی وجہ سے مرتضیٰ بیمار ہو گیا ہے۔ کاش! میرا بیٹا اتنا مشہور نہ ہوا ہوتا۔کچھ لوگوں نے مرتضیٰ کو اغوا کر کے تاوان کی دھمکی دی تھی ان کا خیال ہے کہ مشہور ہونے کے بعد ان کے پاس بہت پیسہ آگیا ہے اہلخانہ کے پاس کافی پیسہ ہو گا جبکہ ایسا بالکل بھی نہیں۔مرتضیٰ کے چچا آصف احمدی نے بتایا کہ ہمارے خاندان کو کم از کم 10خط اور متعدد فون کالز موصول ہوئیں جس میں مختلف جرائم پیشہ افراد نے دھمکی دی کہ اگر ہم نے رقم نہ دی تو وہ میرے بھتیجے کو اغوا یا قتل کر دیں گے۔افغانستان کی 3کروڑ 80لاکھ آبادی میں سے اکثریت غریب افراد پر مشتمل ہے اورمسلسل جنگ کے سبب ان کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردونیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: