برانڈن ہاورڈ پاکستان میں پرفارم کریں گے
آنجہانی مائیکل جیکسن سے مماثلت رکھنے والے برانڈن ہاورڈ نے پاکستان آ کر کنسرٹ میں لائیو پرفارم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جدید موسیقی کے شہنشاہ مائیکل جیکسن 2009ءمیں اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ گئے تھے لیکن ان کے نغمے اور دھنیں اب بھی سننے والوں کالہو گرماتی ہیں ۔ مائیکل جیکسن کی موت کے بعد 2014ءمیں ایک نوجوان نے مائیکل جیکسن کے مداحوں میں نئی خوشی کی ایک لہر دوڑا دی تھی، اِس نوجوان نے سب کو مبہوت کر کے رکھ دیا تھا۔ یہ نوجوان شکل، اندازِ گفتگو اور حتیٰ کے چلنے پھرنے کے انداز سے بھی مائیکل جیکسن لگتا ہے۔برانڈن ہاورڈ کو مائیکل جیکسن سے مماثلت کی وجہ سے عالمی میڈیا میں بھرپور کوریج ملی۔ مداحوں کو ایسا محسوس ہوا جیسے مائیکل جیکسن لائیو پرفارم کررہے ہوں۔دیکھتے ہی دیکھتے ہاورڈ کے ہر گانے کو مقبولیت اور ہر دھن کو بے پناہ پذیرائی ملنے لگی۔ دنیا بھر میں کامیاب کنسرٹ کے بعد حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں ہاورڈ نے پاکستان آنے کی خبر سنائی ہے وہ یہاں آ کر لائیو پرفارمنس دینگے۔برانڈن ہاورڈ گلوکار ہونے کیساتھ ساتھ ریکارڈ ساز پروڈیوسر ہیں جو اپنے گانے بھی خود لکھتے ہیں۔