حفرالباطن۔۔۔ آفس کارڈ کی بدولت انجانے حالات میں لاپتہ ہوجانے والے 4 شہریوں کی نعشیں اور ان کی کار دریافت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 26 روز قبل حفرالباطن کمشنری میں 4 سعودی شہری انجانے حالات میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ حسن اتفاق سے ایک مقامی شہری کو حفرالباطن کے شمالی علاقے کے جنگل سے گاڑی کے ڈرائیور کا آفس کارڈ پڑا ہوا مل گیا۔ اس نے کارڈ پولیس اسٹیشن پہنچا دیا۔ اس پر لاپتہ شہریوں کی تلاش کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا۔ حفرالباطن پولیس، شہری دفاع اور رضاکاروں کی ٹیم نے مل جل کر تلاش کی مہم چلائی۔ آفس کارڈ ملنے والی جگہ کے قریب واقع تالاب کا پانی نکالا گیا اور بالآخر وہاں انہیں متعلقہ شخص کی گاڑی اور اس میں موجود چاروں لاپتہ افراد کی نعشیں مل گئیں۔