Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاونٹی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کرونگا، ایم ڈی پی سی بی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاکستان نژاد برطانوی نئے ایم ڈی وسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے پہلے مرحلے کے طور پر کاونٹی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کروں گا۔ وسیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کیلئے و ہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز سے اپنے اچھے تعلقات کو بروئے کار لائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اقدامات میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، مجھے کئی ایسے خلا محسوس ہوئے جن کی وجہ سے غیرملکی ٹیموں کے سیکیورٹی سربراہان انہیں دورہ پاکستان کیلئے کلیئرنس نہیں دیتے،میںیہ جاننے کی کوشش کروں گا کہ ان کے تحفظات کیسے دور کئے جا سکتے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تسلسل سے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھا نے ہوں گے۔ لاہور میں سہولیات سے مزین نیشنل کرکٹ اکیڈمی موجود ہے اگرمہمان کرکٹرز یہاں سے خوشگوار یادیں لے جائیں گے تو ہماری مہم کو تقویت ملے گی۔ اے ٹیموں کو پاکستان لانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہوگا۔ وسیم خان نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے میچز کا ملک میں انعقاد بھی غیرملکی کرکٹرز اور بورڈ زکی رائے تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گا، اس کے علاوہ بھی کچھ تجاویز میرے ذہن میں ہیں، میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کیساتھ بیٹھ کر ان پر بات کروں گا۔ وسیم خان نے بتایا کہ آزاد کشمیر ان کا آبائی علاقہ ہے جبکہ اہلیہ کے بیشتر عزیز لاہور میں رہتے ہیں، اس لیے لاہور منتقل ہونے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: