Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے پی اے سی چیئرمین شہباز شریف؟

اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضامند ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت میں جاری تعطل کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کے بعد فریقین میں مشاورت سے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ہوں گے۔ حکومتی ٹیم، اپوزیشن سے ہونے والے مشاورت سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کرے گی جو اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے ۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان یہ فیصلہ بھی ہوا کہ ن لیگ کے دور کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لینے کےلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی جس کا چیئرمین حکومت کے کسی نمائندے کو بنایا جائے گا۔ واضح رہے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کرنے کا اختیار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگراپوزیشن اپنی ضد پر قائم ہے تو حکومت پیچھے ہٹ جاتی ہے۔ شہباز شریف پر نیب مقدمات ہونے کی وجہ سے حکومت انہیں چیئرمین پی اے سی بنانے پر تیار نہیں تھی، تاہم اب انہیں جس پر اعتماد ہو اسے چیئرمین بنادیا جائے گا۔
 
 

شیئر: