سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل
اسلام آباد: سعودی عرب نے طے شدہ پیکیج کے تحت ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب 26 کروڑ ڈالر ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی پیکیج کے تحت ایک ارب ڈالر پر مشتمل تیسری قسط بھی جنوری کے وسط میں پاکستان کو منتقل کردی جائے گی جبکہ گزشتہ ماہ (نومبر) میں بھی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط پاکستان کو موصول ہو چکی تھی۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں وزیرا عظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں برادر ملک نے پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج دینے کا علان کیا تھا، جس میں پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کے لیے ڈپازٹ کرنا بھی شامل تھا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو مستحکم رکھنا تھا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آنے کی توقع ہے۔