Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیگی رکن اسمبلی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کاحکم

لاہور ...سپریم کورٹ نے زمینوں پر قبضوں کے خلاف کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دےدیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں خصوصی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے باور کرایا کہ بہت سی شکایات مل رہی ہیں اور لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون ہے افضل کھوکھر؟ ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل امتیاز کیفی نے بتایا کہ افضل کھوکھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہیں۔ چیف جسٹس نے افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کو فوری طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ نہیں آتے تو ایس ایس پی کو کہیں کہ انہیں پیش کرے۔سپریم کورٹ کے حکم پر کھوکھر برادران سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینوں پر قبضہ چھوڑ دیں ۔ افضل کھوکھر نے کہا کہ کسی کی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا ۔تمام جائیداد قانونی ہے اس کے نقشے موجود ہیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ مجھے ان نقشوں کا پتہ ہے انہیں منسوخ بھی کر سکتے ہیں ۔آپ جھوٹ بول کر اپنی ایم این اے شپ کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔ہم نے ان قبضوں سے نجات حاصل کرنی ہے ،کسی بیوہ،یتیم اور اوور سیز کی جائیداد پر قبضہ قابل برداشت نہیں ۔
 

شیئر: