سماجی کاموں میں خلوص اور دیانتداری ہو تو کامیابی یقینی ہوتی ہے ، حفظ الرحمان
ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی کے سفیر ہند برائے ملک شام متعین کئے جانے پر شاندار تقریب کا اہتمام ’’پورو انچل ویلفیئر ایسوسی ایشن ‘‘ ریاض کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹر انعام الحق اعظمی نے محفل کی نظامت بڑے پُراثر انداز میں کی۔ انہوں نے ابتداء میں ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے اعظمی برادری کے علاوہ ریاض کی مختلف سماجی تنظیموں کے اراکین نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر حفظ الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہندوستان کے سفیر برائے شام نامزد کئے جانے کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی نے کہا کہ پورو انچل علاقے سے تعلق رکھنے والے ا فراد کی بہت بڑی تعداد سعودی عرب میں برسر کار ہے۔ جن میں اعلیٰ منصب پر فائز افراد کے علاوہ لیبر طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی بھی ایک بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے اراکین کو مشورہ دیا کہ وہ لیبر کلاس سے تعلق رکھنے والے اِن افرادکی مدد اور رہنمائی پر خصوصی توجہ دیں۔ ڈاکٹر رحمان نے کہا کہ تنظیم کی کامیاب کارکردگی کیلئے اراکین میں اتحاد سب سے بڑی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاض میں کئی ایک بڑی اور ایک عرصے سے سماجی خدمات انجام دینے والی تنظیمیں ہیں جن سے پوروانچل ایسوسی ایشن کو رابطے میں رہنا اور ان سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے اردو بولنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تقاریب کی کارروائی اردو میں چلائیں۔ اردو میں اظہار کریں اور اپنے گھروں میں بچوں کے ساتھ اردو میں گفتگو کریں۔ حفظ الرحمان نے یہ بھی کہا کہ سماجی خدمت میں خلوص نیت اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں دیانتداری ہو تو اس سے اجر اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ڈاکٹر حفظ الرحمان کے جامعہ ملیہ میں ہم جماعت ڈاکٹر عزیز احمد اصلاحی نے اپنے خطاب میں طالبعلمی کے دور کے واقعات کو بیان کرتے ہوئے محفل کو زعفران زار کردیا۔ محفل سے دیگر خطاب کرنے والوں میں اطہر اعظمی، مرعوب اعظمی، تقی الدین میر، عارف اعظمی،مصباح العارفین، عبید احمد، وسیع حیدر رضوی ، ڈاکٹر شوکت پرویز شامل تھے۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول کے طالب علم نے بھی خطاب کیا اور اپنے فن خطابت سے محفل کو حیران کردیا۔ معروف شاعر میر فراست علی خسرو نے حفظ الرحمان کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران لئیق احمد اعظمی اور شیخ محمد شاہد بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ آخر میں صدر تنظیم عبدالاحد صدیقی نے اپنا خطبہ صدارت پیش کیا۔ شکیل احمد اعظمی کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔