طائف ۔۔ ان دنوں طائف میں چپہ چپہ پر کتے اور بندر گھومتے پھرتے نظر آرہے ہیں۔ مقامی شہری خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ میونسپلٹی سے شکایات کررہے ہیں۔ وزیر بلدیات و دیہی امو راس سے قبل مملکت کی تمام میونسپلٹیوں اور بلدیاتی کونسلوں کو ہدایت جاری کرچکے ہیں کہ آوارہ کتوں کے سد باب کیلئے پبلک مقامات پر کھانے پینے کی اشیاءنہ چھوڑی جائیں۔ اس کے باوجود کتے ا ور بندر کثیر تعداد میں پرفضا مقامات اور سڑکوں پر گھومتے پھرتے نظر آرہے ہیں۔بندر گھروں میں گھس کر کھانے پینے کی اشیاءچھین کر بھاگ جاتے ہیں۔ طائف کے بہت سارے لوگ یہ سوال کرنے لگے ہیں کہ آخر میونسپلٹی ہمیں ان بندروں اور کتوں سے کب نجات دلائیگی؟ انکی تعداد میں روز بروزاضافہ ہی ہورہا ہے۔