Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گل زمین نے بہت کم وقت میں اپنی الگ شناخت بنائی ، میاں افتخار حسین

***ذکاء اللہ محسن ۔ریاض***
عوامی نیشنل پارٹی سعودی عرب کے سابق صدر گل زمین سید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا انعقاد اہلیان ریاض کے پلیٹ فارم سے سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے کیا ۔  ریفرنس میں مقررین نے گل زمین سید کی سیاسی اور سماجی زندگی پر روشنی ڈالی اور اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ۔عوامی نیشنل پارٹی پاکستان کی سینیئر رہنما میاں افتخار حسین نے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ گل زمین زمانہ طالب علمی سے ہی عوامی نیشنل پارٹی سے منسلک ہوئے تھے۔ انہوں نے پختون فیڈریشن کی نہ صرف صدارت کی بلکہ کم وقت میں اپنی  الگ شناخت بنائی۔ گل زمین سید پڑھا لکھا سیاسی ورکر تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی سعودی عرب کے سینیئررہنما ظہور علی خان کا کہنا تھا کہ گل زمین جیسی شخصیات کبھی کبھی پیدا ہوتی  ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اقبال ودود خان کا کہنا تھا کہ گل زمین کی شخصیت بہت سی خوبیوں کہ مالک تھی۔ اقبال ودود نے کہا کہ آج واقعی پنجاب نے بڑا بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے  پختون قوم اس کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔پیپلزپارٹی کے ریاض راٹھور اور احسن عباسی کا کہنا تھا کہ گل زمین میں کچھ تو ایسی خوبیاں تھیں کہ آج جہاں پختون غمزدہ ہیں وہیں پر پاکستان کے ہر خطے کے لوگ بھی اسی طرح اپنے اندر گل زمین کا دکھ سموئے ہوئے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے صدر مولانا ہمایوں محسود نے کہا ہر انسان نے اس دنیا سے جانا ہے اس لئے آخرت کیلئے اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے اپنے اعمال کو درست کریں۔ اے این پی کے سینیئر نائب صدر سید مزمل کا کہنا تھا کہ گل زمین پیدائشی لیڈر تھے۔ مسلم لیگ ن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ آج ہم گل زمین خان کو خراج عقیدت اس لئے پیش کر رہے ہیں کہ وہ ایک دلیر اور مخلص انسان تھا ۔ گل زمین خان کے بڑے بھائی بادشاہ سید نے کہا کہ آج انہیں فخر ہے کہ گل زمین اپنی وفات کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔گل زمین بچپن سے ہی ہونہار اور اخلاق کا پیکر تھا۔ مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرئوف کا کہنا تھا کہ گل زمین تو اس دنیا سے چلے گئے مگر جو حیات ہیں اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں کیونکہ یہ زندگی بہت چھوٹی سی ہے اور آگے ناختم ہونے والی زندگی ہے اللہ سے دعا ہے کہ ہماری زندگی ایمان پر ہو اور ہم اللہ کے حضور دعاگو ہیں کہ اللہ گل زمین سید کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے آمین۔ یادگاری ریفرنس سے جمعیت اہلحدیث کے فیصل علوی، محب گل شلمانی، مجلس پاکستان کے حافظ عبدالوحید، مسلم لیگ ن کے سردار شعیب صدیقی، رانا خادم، جمیل خان، راجہ یعقوب اور دیگر نے خطاب کیا ۔اہلیان ریاض کے پلیٹ فارم سے نالج کور اکیڈمی، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی، پاک سرزمین پارٹی، مجلس پاکستان مسلم لیگ ن نے ملکر یادگاری ریفرنس کا اہتمام کیا جس کی نظامت وسیم سجاد اور چوہدری خادم بجاڑ نے کی۔
 

شیئر: