سانحہ 12 مئی کے 11 مقدمات دوبارہ کھل گئے‘ سماعت کل ہوگی
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 12 مئی 2007ءکے اے کلاس کئے گئے 11 مقدمات دوبارہ کھول دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانحے کے 65 مقدمات کو اے کلاس کیا گیا تھا۔ کراچی میں ہونے والی قتل و غارت سے متعلق سانحہ 12 مئی کے کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے پیش رفت رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج کو پیش کی گئی۔ جہاں عدالت نے اے کلاس کئے گئے 11 مقدمات انسداد دہشت گردی عدالت نمبر2 کو منتقل کردیے جن کی سماعت کل ہوگی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر2 میں 12 مئی کے 4 مقدمات پہلے ہی زیر سماعت ہیں۔ 4 مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر سمیت 21 ملزمان نامزد ہیں اورملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے ۔ 11 مقدمات گڈاپ،بہادر آباد ،فیروز آباد اور ایئرپورٹ تھانے میں درج ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے اے کلاس کیے گئے 65 مقدمات کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیاتھا۔