Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اسمبلی میں ہنگامہ ، اپوزیشن کا واک آوٹ

اسلام آباد...قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی تقریر کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابا ہوا ۔ اپوزیشن ایوان سے واک آﺅٹ کر گئی ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں جسٹس نہیں جسٹس قیوم چاہیے۔ انہیں احتساب نہیں احتساب الرحمن چاہیے۔انہیں جنرل ضیا چاہیے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کی خواہش پر پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ دی۔ ان کی مرضی کی قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ بھی دی لیکن سمجھ نہیں آتی یہ چاہتے کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر پارلیمانی لفظ کہا ہے تو مجھے ایوان سے باہر نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنرل نے جس سیاسی جماعت کے لیڈر کی پرورش کی ۔ انہیں غلط عادات پڑ گئی۔ہر مرتبہ یہی سمجھتے ہیں کہ انہیں کسی بھی طرح جتوا دیا جائےگا۔ اگر ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاونٹس سے پیسے نکلے ہیں تو حکومت کا کیا قصور ہے۔ ملک اور عوام کو بے دردی سے لوٹنے والے دوبارہ سے یہ سفر شروع کرنا چاہتے ہیں ۔ پی ٹی آئی حکومت انہیں ایسا نہیں کرنے دے گی جس نے پیسہ لوٹا ہے اسے حساب دینا ہوگا۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شور شرابا اور احتجاج کیا۔ مراد سعید کے جملوں پر متحدہ اپوزیشن ایوان سے واک آوٹ کر گئی۔ 

شیئر: