ظلم کرنے والے تھک جائیں گے،زرداری
کراچی ... سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ مشکل حالات سے گھبرانے والے نہیں ۔ مشکل حالات میں وہ ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر نکلے ہیں۔ موجودہ حالات کو مشکل وقت نہیں کہتا۔ مشکل وقت وہ تھا، جس کا سامنا بینظیر بھٹو نے کیا تھا، جنہوں نے ضیا جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔بلاول ہاوس کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنماوں اورارکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے مزید کہا کہ میرے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ جھوٹی دستاویزات کے ذریعے ڈرایا، دھمکایا نہیں جاسکتا۔ جتنا ظلم کیا جائیگا، ہم برداشت کا بھی اتنا حوصلہ رکھتے ہیں۔ اِتنا برداشت کریں گے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے۔زرداری نے کہا 27 دسمبر کو پاکستان کی عوام ثابت کرے گی کہ پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کیا جاسکتا پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے انتخابات جیتے گی ۔ وفاق سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومتیں بھی بنائے گی۔