پنجاب حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے حکومت کے سو روز کی کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھ دیا ہے۔ اس موقع پر ٹویٹر پر کیا ٹویٹس کی گئیں آئیے دیکھتے ہیں ۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لکھا : پنجاب میں نئی حکومت کے آنے سے نئی تبدیلی کا سفر شروع ہو گیا ہے۔ ہم نے گڈ گورننس کے وعدے کے ساتھ پنجاب میں ابتدائی سو دن کا چیلنج قبول کیا تھا اور میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے اقدامات کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ٹویٹ کیا : ہم پنجاب کو صحیح سمت میں لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ پچھلی کئی دہائیوں سے حکومتوں کے کرپٹ سسٹم کو تبدیل کرنا عمران خان کی طرف سے ہمارے لئے ایک چیلنج تھا۔ آج لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم اپنے اس چیلنج کو پورا کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے لکھا : نون لیگ پنجاب میں کارکردگی کا ڈھنڈورا پیٹتی رہی اور اصلیت یہ کہ جب حکومت چھوڑی تو پنجاب 1140 بلین کا مقروض تھا۔ سو دنوں میں ہی پنجاب حکومت کو 56 بلین نادہندگی کے مقدمات بھگتنے پڑے۔ کارکردگی بھی جھوٹ ، جمہوریت کے نعرے بھی جھوٹ۔
تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے لکھا : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اب کوئی بھی پاکستانی بنا گھر کے نہیں رہے گا۔ فیصل آباد ڈویژن میں اب تک 80 ہزار سے زائد فارم جمع ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر نوشین نے لکھا : طلوع سحر کے سو دن ، روشن کہیں بہار کے امکاں ہوئے تو ہیں ، الحمدللہ۔
زوہیب خان نے ٹویٹ کیا : کسی بھی قوم کی ترقی کے لیئے سب سے بنیادی ضرورت تعلیم کا فروغ ہے تا کہ اس قوم کی آنے والی نسل کو اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکے۔ حکومت پنجاب نے پہلے سو دن میں تعلیم کیلئے اہم انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔
عاصم امتیاز چوہدری نے لکھا : پنجاب حکومت کے پہلے سو روز میں صحت کے حوالے سے لاہور، میانوالی ، بہاولنگر، اٹک، لیہ، راجن پور میں صحت انشورنس کارڈ کے اجراء کی منظوری اس کے علاوہ ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے 36 اضلاع میں 31 بلین گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
نوراللہ صدیقی نے ٹویٹ کیا : ڈیڑھ سو ارب مالیت کی زمین قبضہ گروپوں سے واگزار کروانا، تجاوزات کے خاتمے کی پر امن مہم، سانحہ ماڈل پر نئی جے آئی ٹی بنانے پر تحریری آمادگی، اور 100 دن میں کسی مالیاتی سکینڈل کا نہ آنا بہرحال پنجاب حکومت کی کارکردگی ہے۔اس کا اعتراف نہ کرنا بخیلی ہوگی