پاک کمیونٹی کی تجویز پرمسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کا اظہار تحسین و حمایت
جدہ (جاوید راہو) سمندر پارپاکستانیوں کے رہائشی مسائل پر حکومت فوری توجہ دے۔میں اس سلسلے میں مسلم لیگ ق کے وزیر طارق بشیر چیمہ وزیر ہاﺅسنگ سے تفصیلی بات کرونگا۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے جدہ میںچوہدری افضل جٹ کی سربراہی میں کمیونٹی سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔وفدمیں جدہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔ افضل جٹ نے چوہدری شجاعت سے درخواست کی کہ سمندر پار پاکستانی خاص طور پر سعودی عرب سے بڑی تعداد میں وطن واپس جارہے ہیں، انہیں ملک کے مختلف شہروں میں12,10,5 مرلے کی ناقابل فروخت زمینیں دی جائیں۔چوہدری شجاعت نے تجویز پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمین کی آدھی قیمت خریدار اور آدھی قیمت حکومت ادا کرے۔ یہ زمین نا قابل ٹرانسفر اور نا قابل فروخت ہو۔ انہیں پابند کیا جائے کہ ایک سال کے عرصے میں گھر تعمیر کر لیا جائے۔ اس پالیسی سے حکومت کو بڑی مقدار میں زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے اس پالیسی کی تفصیل اور سمندر پا رپاکستانیوں کے مطالبے پر مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر ہاﺅگ طارق بشیر چیمہ سے بھی فون پر بات کی۔ چوہدری شجاعت نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس پر پیشرفت کرینگے ۔وزیر اعظم کو بھی آگاہ کرینگے کہ اس پالیسی کے تحت50لاکھ گھروں کی فراہمی کا یقینی بنایا جائے۔ وفد میں پی ٹی آئی،پی پی پی،مسلم لیگ ق اور ن کے نمائندے موجود تھے۔