سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 15 وکٹیں گر گئیں جہاں پاکستان کے 181 رنز پر آوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم 127 رنز پر5کھلاڑی آوٹ ہوگئے ہیں۔سنچورین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو تیز وکٹ پر درست ثابت نہیں ہوسکا۔ٹاس سے قبل ہی پاکستان ٹیم کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب حارث سہیل گھٹنے میں تکلیف کے باعث میچ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا گیا۔ امام الحق بغیر کوئی رن بنائے کگیسو رباڈا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔فخر زمان 17 کے مجموعی اسکور پر ڈیل اسٹین کا شکار بنے جس کےساتھ ہی ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے۔ڈیل اسٹین سے قبل یہ ریکارڈ لیجنڈ فاسٹ بولر شان پولاک کے پاس تھا جن کی وکٹوں کی تعداد 421 تھی۔شان مسعود اور اظہر علی نے اسکور آگے بڑھایا لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 19 رنز بنانے کے بعد بدقسمت انداز میں بولڈ ہوگئے۔تجربہ کار اسد شفیق بھی جنوبی افریقی بولنگ لائن کا سامنا نہیں کر پائے اور ڈوان اولیویئر کی گیند پر 7 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 86 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی اولیویئر کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے جبکہ اسی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے کپتان سرفراز احمد بھی بولڈ ہوگئے۔محمد عامر اور یاسر شاہ بھی مزاحمت نہ دکھا سکے اور پاکستانی ٹیم 111رنز پر 8وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی۔اس موقع پر بابر اعظم حسن علی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دونوںنے 58 گیندوں پر 76رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔بابر اعظم نے15 چوکوں کی مدد سے 71رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستانی ٹیم 181رنز پر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کے ڈوان اولیویئرنے 6 وکٹیں لیں جبکہ ربادا کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔جنوبی افریقہ نے آغاز کیا تو 19 رنز پر ایڈن مرکرم ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔ ڈین ایلگر کا ساتھ دینے ہاشم آملا آئے، دونوں نے 24رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 43 تک پہنچا دیا۔اس مرحلے پر جنوبی افریقہ کی یکے بعد دیگرے 3 وکٹیں گرگئیں۔آملانے 8رنز بناکر عامر کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دیدیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 22رنز بنانے والے ایلگر کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر حریف کپتان فاف ڈیو پلیسس کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کر کے اہم ترین کامیابی حاصل کی۔43رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد تھیونس ڈی برون اور ٹیمبا باووما نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور 69رنز کی شراکت قائم کی لیکن عامر نے 29رنز پرڈی برون کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں پر 127رنز بنائے تھے، باووما 38 اور ڈیل اسٹین 13رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔
کھیلوں کی مزیدخبریں اورتجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں