Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہریار

کراچی... وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا ہے۔کراچی کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علی رضا عابدی کے قتل کے وا قعہ کی کڑیاں مل رہی ہیں۔ مجرم جلد گرفتار ہوں گے۔ ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں، باہر کے اور اندر کے تمام عناصر کو دیکھا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم کی تعریف کروں گا کہ انہوں نے واقعہ پر انتشار نہیں پھیلایا اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بدھ کو کراچی کے دورے پر پہنچے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ انہیں ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لئے ختم کریں گے۔ اس حوالے سے حکومت و اپوزیشن میں مکمل اتفاق رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے اس پیغام کے ساتھ کراچی بھیجا ہے کہ شہر قائد کے امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ واقعہ میں ملوث ہر ملزم اور سہولت کار کو گرفتار کریں گے چاہے وہ باہر کا ہو یا اندر کا شخص ہے۔کراچی کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ کراچی امن کا گہوارہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہم ایک ٹیم بن کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا وقت آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد پی ٹی آئی حکومت پر ہے۔رینجرز، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے کراچی میں امن بحال کیا۔وفاق اور صوبے مل کر دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کریں گے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ قاتلوں تک جلد پہنچ جائیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔دریں اثناءشہریار آفریدی نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے معاملے پر بلیم گیم نہیں کرینگے۔ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ملک سے ختم کرنا ہے۔دیکھنا ہو گا دہشت گردی کے پیچھے کون ہے ۔کچھ قوتیں کراچی میں امن و امان کی خواہش مند نہیں۔ حملے میں ملوث تمام ملزمان کوکیفرکردارتک پہنچائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن سی پیک کوناکام کرنا چاہتے ہیں۔کچھ قوتیں ملک کا امن خراب کرنے میں مصروف ہیں لیکن کراچی اور اس ملک کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نیکٹا کے کردار کو مزید بہتر کر یں گے، ماضی میں نیکٹا کے کردار کو نظر انداز کیا گیا، کچھ وقت درکار ہے جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔ 
 

شیئر: