حکومت نے ہمیں للکارا ہے ، ہر جگہ لڑینگے ،زرداری
جمعرات 27 دسمبر 2018 3:00
نوڈیرو... پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف زر داری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمیں للکار ا ہے ،اکیلے ہی ان کا مقابلہ کریں گے۔ بلاول میرا اور بے نظیر کا بیٹا ہے۔اسے کیا ڈراو گے۔یہ کہتے ہیں کہ100 دن بہت کم ہیں۔ا نہیں سوائے ٹی وی پر بکواس کے اور کچھ نہیں آتا ۔ان سے جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ٹھپے مار کر دوبارہ الیکشن جیتیں گے۔باپ بیٹا اور پوری پارٹی کھڑے ہیں۔ ان کا مقابلہ کریں گے اور جواب دیں گے۔نوڈیرو میں بے نظیر بھٹو کی برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے۔ ان سب کے ڈھول پھٹے ہوئے ہیں۔ ان کے بنائے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے۔پہلے بھی ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا۔ اب بھی کریں گے۔سابق صدر نے کہا کہ میں نے 100 دنوں میں نے بی بی کارڈ دے دیا تھا۔آئینی ترمیم کا کام کردیا تھا۔پرویز مشرف کو صدارت سے باہر نکال دیا تھا۔ انہوں نے سو دنوں میں کچھ نہیں کیا۔یہ کہتے ہیں کہ سو دن بہت کم ہیں۔جو کام کرنا جانتا ہو اس کے لئے بہت ہیں جسے کچھ نہیں آتا اس کےلئے کچھ نہیں۔ ان کو سوائے ٹی وی پر بکواس کے اور کچھ نہیں آتا۔ زرداری نے کہا کہ جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی۔یہ پاکستان کو نہیں چلاسکتے اور معیشت کو بھی نہیں سنبھال سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو دنیا کے دوستوں سے بڑی مدد ملی ہے ۔ اس کے باوجود ان سے ملک نہیں چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نہ وہ دیکھ سکتے ہیں، نہ سن ستے ہیں اور نہ بول سکتے ہیں۔ ان کے پاس کوئی سوچ سمجھ نہیں۔ ان سے عدالتوں سمیت ہر جگہ لڑیں گے۔سب لڑنے کےلئے تیار ہیں اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہیے۔ زرداری نے کہا کہ جہاں سے یہ شروع کریں گے وہاں سے ختم کریں گے، جس نے بھی آنا ہے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔