کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری والوں کی چیکنگ شروع
کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکل سواروں کی شآمت آ گئی۔ ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں پولیس کو نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کرنے والے افراد کی چیکنگ مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ پولیس کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ڈبل سواری کرنے والے افراد ملوث تھے، جس کے پیش نظرحساس علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ فوری شروع کی جائے ۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈبل سواری کرنے والے مشکوک افراد کو روک کر ان کی جامہ تلاشی لی جائے ، مشکوک موٹرسائیکل کو بھی مکمل طور پر چیک کیا جائے ۔ حکم نامے کے مطابق کلینکل ماسک، ہیلمٹ اور ٹوپی پہنے افراد کو لازمی چیک کیا جائے، اس مہم کو کراچی سمیت سندھ کے ہر ضلع میں 15 جنوری تک جاری رکھا جائے گا۔ کراچی سمیت سندھ کا ہر ضلع روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ آئی جی آفس ارسال کرے گا، حکم نامے میں ڈی آئی جیز کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔