سپریم کورٹ سیاسی معاملے میں فریق نہیں‘ انصاف کریں گے‘ چیف جسٹس
اسلام آباد: چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ میں جعلی اکاﺅنٹس اور منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو بنیاد بنا کر حکومت گرانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سماعت کے دوران مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور دیگر دیگر ملزمان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ اس دوران ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت پر گہرے بادل منڈلا رہے ہیں اور فارورڈ بلاک اور استعفے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت کے خلاف عدالت کو فریق نہ سمجھا جائے۔ سپریم کورٹ کا کام انصاف کرنا ہے، عدالت کی نظر میں کوئی بدگمانی نہیں۔ سیاسی معاملے میں عدالت فریق نہیں ہے۔ محض جے آئی ٹی رپورٹ کی بنا پر حکومت گرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔