کراچی: سال نو کے موقع پر شہر قائد میں ساحل سمندر کی جانب جانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کردیا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ساحل پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ رینجرز نے اس حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ میں سیکورٹی کی صورت حال کے پیش نظر اسنیپ چیکنگ شروع کردی گئی ہے اور پولیس کا گشت بڑھانے کے علاوہ کئی مقامات پر نفری میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی جبکہ ساحل کی جانب جانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے اور سی ویو کی جانب جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے رات 12 بجے سے قبل ہی سی ویو کی جانب جانے والے راستے بند کردیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ سال نوکے موقع پررینجرزکے افسران اورجوانوں کی بھاری نفری کراچی اور اندرون سندھ میں گشت پر موجود رہے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ امن وامان کو برقراررکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اورہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔