افغان طالبا ن کے دورہ ایران کی تصدیق
تہران... ایران نے افغان طالبان کے وفد کے دورہ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان وفد کے اراکین نے نائب ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی کےساتھ ملاقات کے دوران تفصیلی بات چیت کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے پریس بریفنگ کے موقع پر بتایا کہ افغان طالبان کے وفد نے گزشتہ روز تہران کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کا 50 فیصد حصہ طالبان کے کنٹرول میں ہے وہاں بدامنی اور عدم استحکام کے پیش نظر طالبان ایران سے مذاکرات کے خواہاں تھے یہ مذاکرات افغان حکومت کی پیشگی اطلاع سے طے پائے۔ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایران اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا اصل مقصد افغان فریقین کے درمیان امن مذاکرات کی پیشرفت کےلئے مدد فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے افغانستان میں قیام امن و استحکام میں بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، دونوں ممالک ثقافتی اور تاریخی مشترکات بھی رکھتے ہیں ایران نے افغان حکومت کے ساتھ حالیہ مذاکرات کے بعد امن عمل میں بھی تعمیری کردار ادا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تا کہ افغانستان میں قیام استحکام سے متعلق اپنے حصہ کا کردار ادا کرسکےہیں۔