غذائی اشیاء پر کیلریز کی مقدار تحریر کرنے کا سرکاری حکم جاری
غذائی اشیاء پر کیلریز کی مقدار تحریر کرنے کا سرکاری حکم جاری
پیر 31 دسمبر 2018 3:00
وزارت بلدیات و دیہی امور کے کارندے آج سے ریستورانوں ، قہوہ خانوں، آئس کریم، جوس کی دکانوں، بیکریوں، مٹھائی فروشوں اور کیفے ٹیریا پر چھاپے ماریں گے
ریاض : سعودی حکومت نے کھانے پینے کی اشیاء تیار اور فروخت کرنے والے تمام اداروں پر یہ پابندی عائد کی ہے کہ وہ خوراک پر کیلریز کی تفصیلات درج کرنے کا اہتمام کریں۔ وزارت نے خوراک اداروں کو اس حوالے سے جو مہلت دی تھی وہ 31دسمبر 2018ء کو ختم ہوگئی۔ آج یکم جنوری 2019ء سے وزارت بلدیات و دیہی امور تمام اداروں سے مذکورہ ہدایت کی پابندی کرائیگی۔ سعودی ایف ڈی اے نے ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ میں اعلان کیا ہے کہ کیلریز کی تفصیلات اجاگر کرنے کی پابندی ریستورانوں، قہوہ خانوں، آئس کریم کی دکانوں ، فریش جوس والی دکانوں ، بیکریوں، مٹھائی فروخت کرنے والی دکانوں اور کیفے ٹیریا پر لاگو ہوگی۔ سعودی ایف ڈی اے کا کہناہے کہ اسمارٹ فون ایپلی کیشن ریستورانوں کی ویب سائٹس اور کار کے ذریعے خوراک سروس فراہم کرنے والے مقامات بھی اس کے پابند ہونگے۔ وزارت بلدیات و دیہی امو رنے کیلریز کی بابت ریستورانوں، قہوہ خانوں او رکھانے پینے کی مختلف اشیا ء فروخت کرنے والے مراکز کو 2018ء کی آخری تاریخ تک کی مہلت دیدی تھی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ خوراک پر یہ تحریر کیا جانا ضروری ہے کہ مرد، عورت اور بچے کو یومیہ کتنی مقدار میں کیلریز درکار ہوتی ہیں۔ وزارت بلدیات و دیہی امور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کریگی اور دیگر سزائیں بھی دیگی۔ وزارت نے 7سرکاری اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس نے کیلریز کے حوالے سے تمام اصول و ضوابط مرتب کردیئے ہیں۔ اس کمیٹی میں بلدیات و دیہی امور، تجارت و سرمایہ کاری ، صحت اور تعلیم کی وزارتوں ، سعودی ایف ڈی اے کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ او رکنگ عبدالعزیز سائنس وٹیکنالوجی سٹی کے نمائندے شامل ہیں۔