Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے سال میں شاندار کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں، سرفراز احمد

کیپ ٹاون:پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شکست کو بھول کر لیکن اپنی غلطیوں کو یاد رکھتے ہوئے نئے سال میں شاندار کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ سال نو پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ اور گزشتہ سال کے ا ٓخری میچ میں بیٹنگ کی ناکامی کے باعث سال کا اختتام خوشگوار انداز میں نہ کر سکے ۔ نئے سال کے آغاز پر نئی کامیابی کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹنگ لائن مجموعی طور پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی جبکہ کچھ فیصلے ہمارے حق میں نہیں ہو سکے تاہم یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے اور اپنی خامیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کارکردگی میں کچھ غیرمعمولی اور کچھ معمولی چیزیں سامنے آئیں لیکن یقینی طور پر ہم اس سے بہتر نتائج دے سکتے تھے لیکن کارکردگی میں عدم تسلسل سے جان نہیں چھڑا پائے، سال نو میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ دریں اثناء ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پوری کوشش ہو گی کہ نئے سال میں پرانی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔ نئے سال کے حوالے سے پیغام میں انہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں فتح اور سری لنکا کے خلاف سیریز کو اہم کامیابی قرار دیا ۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتوحات کے تسلسل اور رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن قائم رکھنے پر مسرت کا اظہار کیا لیکن سنچورین ٹیسٹ ہارنے اور سال کے اختتام پر شکست پر افسوس کا اظہار کیا ۔مکی آرتھر کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیت پر شک نہیں لیکن دباو میں ان کے ہاتھ پاوں پھول جانا بڑا مسئلہ ہے ۔ ٹیسٹ کرکٹ میں جس صبر وتحمل کی ضرورت ہوتی ہے ہم اس پر عبور پانے میں ناکام رہے بصورت دیگر نتائج مختلف ہو سکتے تھے ۔نیوزی لینڈ کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ہم ایک جیسی صورتحال سے دوچار ہو کر ہارے جس کا کوئی جواز نہیں ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: