Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹر نیشنل اسکول (ناصریہ) ریاض میں یوم قائد اعظم کی تقریبات

ملی نغموں کی دھوم ،طلباءو طالبات کو قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرنے کی تلقین
ریاض ( ذکاءاللہ محسن )سینیئر بوائز ونگ ون میں یوم قائداعظم اسمبلی پروگرام کے طور پر منایا گیا۔ اسکی نظامت جماعت دہم ای کے محمد قاسم اور تلاوت کی سعادت اسماعیل زرگل نے حاصل کی۔ کاشف بٹ نے خوبصورت نظم سناکر بھر پور داد وصول کی۔ طالب علم عمار صہیب اور بلال افضل نے اپنی تقریروں میں قائد کی زندگی کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور انہیں برصغیر کے مسلمانوں کا عظیم لیڈر قرار دیا۔ آخر میں پرنسپل ائیر کموڈور نعیم اختر نے طلباءکو نصیحت کی کہ تنظیم ، اتحاد اور یقین محکم کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے طلباء کو سخت محنت کرنے اور پڑھائی پر توجہ دینے کی نصیحت بھی کی۔سینیئرگرلز ونگ ون میں ہونے والی تقریب کی صدارت وائس پرنسپل گرلز نے کی جبکہ ا سٹیج سکریٹری کے فرائض مسز عقیلہ زیب اسمبلی انچارج نے انجام دئیے۔  مختلف طالبات نے اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں اور قائد اعظم سے اپنی بھرپور محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ان میں حفصہ فضل دوازدہم بی، سیرت دوازدہم ڈی، آمنہ فضل نہم سی شامل تھیں۔ ہنود فضل پری نہم بی نے ملی نغمہ پیش کیا۔ جس کے بعد "قائد کا پاکستان" ایک خوبصورت نظم مریم ہاشمی دوازدہم بی نے پڑھی۔ نورا اور زینب ، پری نہم بی نے نہایت دلکش آواز میں ملی نغمہ " اے قائد تیرا احسان ہے احسان" سنا کر حاضرین کے دل موہ لئے۔ ونگ ہیڈ کم وائس پرنسپل (گرلز) مسز فوزن عظیم بھٹی نے کہا کہ جس طرح قائد اعظم نے بے پناہ محنت اور دلجمعی سے ہمارے لئے ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کیا تھا اب ہمارا فرض ہے کہ دلجمعی سے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر معاشی قوت اور کامیاب ترین ریاست بنا دیں۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔

شیئر: