Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

172 افراد کے نام ای سی ایل سے فوری نہ نکالنے کا فیصلہ

اسلام آباد:  وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جانے سے متعلق معاملے پر نظر ثانی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیسز میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل سے فوری طور پر نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے فیصلے پر کابینہ کو نظر ثانی کا حکم دیا گیا تھا، جس کے بعد آج وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملزمان کے نام فوری طور پر ای سی ایل سے نہیں نکالے جائیں گے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے تمام افراد سے متعلق جے آئی ٹی کی سفارشات کا فرداً فرداً جائزہ لیا جائے گا اس کے بعد ہی مزید کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں کابینہ کے اجلاس میں کابینہ غربت کے خاتمے سے متعلق کوآرڈینیشن کونسل کے قیام، قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی از سر نو شکیل، دبئی ایکسپو کے لیے 50 لاکھ ڈالر گرانٹ اور نرسنگ کونسل کے ارکان کے تقرر کی منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ کراچی ٹرانسفارمیشن کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی، غیر معیاری اسٹنٹس، پاکستان اور چین کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلہ پر بھی کابینہ ایجنڈے میں گفتگو ہوئی۔

شیئر: