افغانستان میں اٹالین ملٹری ایڈوائزر پر حملہ
کابل...افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں افغان سرحدی فوج کے اہلکاروں نے اتحادی افواج کے قافلے پر حملہ کردیا۔ اٹالین ملٹری ایڈوائزربال بال بچ گئے ۔جوابی کاروائی میں ایک افغان فوجی ہلاک اور دوسرازخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ اطلاعات کے مطابق ہرات میں افغان سرحدی فوج کے 2اہلکاروں نے اتحادی افواج کے قافلے میں شامل اٹالین ملٹری ایڈوائزر پر فائرنگ کی۔ اتحادی افواج نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آورکو ہلاک کردیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔حملہ آوروں کا ہدف اٹالین ملٹری ایڈوائزر تھے تاہم فائرنگ کی زدمیں کوئی نہیں آیا۔ اتحادی افواج کے قافلے میں شامل تمام غیرملکی محفوظ رہے۔ ادھر دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے2میزائل زوردار دھماکے سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق دونوں میزائل باگرام کی طرف سے کابل پر فائرکئے گئے۔