جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی ون ڈے اسکواڈ کیلئے مشاورت شروع
لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کیلئے ابتدائی مشاورت شروع کر دی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 19 جنوری 2019ءسے ہوگا۔فی الحال دونوں ٹیمیں ٹیسٹ سیریز میں آمنے سامنے ہیں۔ ون ڈے ٹیم میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے ، گھٹنے کی تکلیف کے سبب حارث سہیل ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور ون ڈے کیلئے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔ اسی طرح جنید خان اور آصف علی کا بھی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کے ساتھ محمد رضوان اور نئے بیٹسمین عابدعلی کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔فاسٹ بولر محمد عباس کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت ان کی ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی اور فٹنس سے مشروط ہوگی۔ پاکستانی اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں فخرزمان،امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد،شعیب ملک، محمد رضوان، عابد علی ،شاداب خان،فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر،عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی،عثمان خان شنواری اور محمد عباس شامل ہوسکتے ہیں۔ سیریز کے پروگرام کے مطابق ون ڈے میچز 19، 22، 25، 27 اور 30 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں