لندن ۔۔۔ اچھی صحت ، فالتو چربی سے نجات ، ورزش اور صحت مند طرز زندگی مجموعی طور پر انسان کو چاق و چوبند، پھرتیلا اور توانا بنائے رکھتی ہے۔چھریرا بدن اور مضبوط ہاتھ پیر کے خواہشمند افراد جب تمام تراکیب سے تھک جاتے ہیں تو ڈائٹنگ پر اتر آتے ہیں مگر یہ ڈائٹنگ بھی مختلف علتوں سے خالی نہیں ہوتی۔مسئلے کے حل کیلئے ڈاکٹر مائیکل موسلے نامی ایک باہمت اور ذہین ماہر غذائیت نے ایک ایسا ڈائٹنگ چارٹ تیار کرکے پیش کیا ہے جس پر سختی سے اگر عمل ہو تو بڑھی ہوئی توند ، اضافی وزن اور اعضاءکا تناﺅ سب کچھ صرف 14دن میں ختم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اس نئی ڈائٹ کو” دی فاسٹ 800“ کا نام دیا ہے۔ جو انکی نئی کتاب کا نام بھی ہے۔ ڈاکٹر موسلے کا کہناہے کہ انہوں نے ا پنا وزن اچھا خاصا بڑھا لیا تھا مگر اس نئی ڈائٹ سے انہوں نے ایک ماہ سے کم عرصے میں ایک اسٹون وزن کم کرچکے ہیں اور دوسروں کو بھی اس نسخے پر عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزن زیادہ بڑھ جانے کی وجہ سے بلڈ شوگر بھی بڑھ گیا تھا اور کمر کی چوڑائی پھیلتے ہوئے 37انچ تک پہنچ گئی تھی۔ نئی ڈائٹ کے طفیل وہ وقت پر سوتے ، وقت پر اٹھتے اور خود کو پھرتیلا اور چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں۔ دوسروں کو بھی اس ِ نسخے کو آزمانا چاہئے۔