اسمارٹ سٹی مہم نے شہروں کوبین الاقوامی معیار کے مطابق بنادیا،جائزہ رپورٹ
نئی دہلی۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی کی کثیر جہتی اسمارٹ سٹی مہم میں 6لاکھ85ہزار758کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ شہروں کے ٹرانسپورٹیشن ، صفائی ستھرائی ، انتظامیہ کے کام کاج اور ماحول پر واضح تبدیلی نظر آنے لگی۔اسمارٹ سٹی مہم نے شہروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا دیا۔اس مہم کے تحت2لاکھ 5ہزار18کروڑ روپے کے 5000سے زیادہ اسمارٹ سٹی منصوبوں کا آغاز کیا گیا۔12 شہروں کیلئے سٹی ہارٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔اس مہم کے تحت 100شہروں میں 2لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 1515منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے جبکہ 1177منصوبے زیر تکمیل ہیں۔علاوہ ازیں 677منصوبوں کے ٹینڈر حاصل کئے جاچکے ہیں ۔ اسمارٹ سڑکیں، پینے کے صاف پانی، شمسی توانائی اور سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، شہروں میں سیکیورٹی کا معیار بلند کرنے اور اسمارٹ کمانڈ اور کنٹرول یوجنا کیلئے11شہروں میں منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 29شہروں میں کام جاری ہے ۔ اسمارٹ روڈ پروجیکٹ کے تحت 4شہروں میں منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور 34شہروں میں زیر تکمیل ہیں۔اسمارٹ واٹر منصوبے8شہروں میں مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 35شہروں میں زیر تکمیل ہیں۔شمسی توانائی منصوبے 8شہروں میں مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 42شہروں میں جاری ہیں۔تاریخی و سیاحتی مقامات کی تجدید کاری کا منصوبہ 16شہروں میں پورا ہوچکا اور32شہروںمیں جاری ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل اور نفاذ سے شہروں میں معیاری زندگی میں نمایاں تبدیلی رونما ہورہی ہے۔ بہتر معیار کو جانچنے کیلئے ایز آف لیونگ انڈیکس کا آغاز کیا گیا ہے۔شہری ترقی کیلئے زندگی کے تمام اہم شعبوں تعلیم، ثقافت، صحت ، رہائش ، پانی کی سپلائی ، نکاسی آب اور توانائی جیسے مسائل کو بہتربنانے پر زور دیا گیا۔