آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کی بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں آصف زرداری اور ان کی بہن دونوں پیش ہوئے۔نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری، فریال تالپور، شہزاد علی، زین ملک، اقبال خان نوری، ذوالقرنین مجید اور نمر مجید کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکلا نے ضمانت میں توسیع کی درخواست کی جسے منظور کرتے ہوئے بینکنگ کورٹ نے ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی۔ دوران سماعت وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جائے، جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں سپریم کورٹ نے کارروائی سے روکا ہوا ہے۔سپریم کورٹ کی اجازت کے بغیر مزید کارروائی نہیں کرسکتے ۔ قبل ازیں سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت پہنچی تھی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کی آمد پر سیکورٹی نے کارکنوں کو اندر آنے سے روک دیا۔