Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانی وبجلی کا بیجا بل ملنے پر شکایت کی جاسکتی ہے؟

ریاض ۔۔۔سعودی محکمہ بجلی و پانی نے متاثرہ سعودیوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ اگر انہیں حد سے زیادہ پانی کا بل موصول ہو توپہلی فرصت میں متعلقہ سرکاری اداروں سے رجوع کرکے شکایت درج کرادیں۔ مسئلہ فوری حل کرانے کا اہتمام کریں۔ اگر متعلقہ ادارے نے مسئلہ حل نہ کیا تو محکمہ گتھی سلجھانے کیلئے جلد مداخلت کریگا۔ محکمے نے یہ انتباہ سوشل میڈیا پر محکمہ آب رسانی سے متعلق شکایات درج کرانے پر کیا۔ متاثرین نے شکایت کی کہ انہیں پانی کا بل حد سے زیادہ ملا ہے اور محکمہ آب انکی شکایت نمٹانے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ بجلی کے نئے بل بہت زیادہ ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ بل جوڑنے میں میٹر یا حساب لگانے والے سے کوئی نہ کوئی غلطی ہورہی ہے۔ کئی شہریوں نے بتایا کہ انہیں ایک لاکھ ریال سے زیادہ کا پانی کا بل موصول ہوا ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ پانی کے بل اتنے زیادہ آنے لگے ہیں کہ یہ مسئلہ مکمل تحقیقاتی کمیشن بٹھائے بغیر حل ہوتا نظر نہیں آتا۔ صارفین نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ موسم سرما آنے کے باوجود پانی کا بل موسم گرما جیسا ہی آرہا ہے جبکہ موسم سرما میں استعمال یقینا کم ہوجاتا ہے۔ محکمے نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں متاثرین کو متعلقہ اداروں کے یہاں شکایات درج کرانے کا مشورہ دیا۔ گزشتہ سال سعودی کابینہ نے فراہمی و نکاسی آب کے امور بجلی تنظیم بورڈ کے حوالے کردیئے تھے۔

شیئر: