تازہ پھولوں سے گھر کی آرائش
عام طور پر خواتین ڈائننگ ٹیبل ، ڈریسنگ ٹیبل ، ڈرائنگ روم میں اور بیڈ کی اطراف رکھی جانے والی سائیڈ ٹیبلز پر شوق سے پھول سجاتی ہیں لیکن اس مقصد کے لیے عموماً مصنوعی پھولوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ یہ پھول دکھنے میں تو خوبصورت لگتے ہیں تاہم خوشبو اور تازگی سے عاری ہوتے ہیں ۔ اپنے گھر کو پھولوں سے مہکانے کے لئے تھوڑی سی محنت کر کے گھروں میں کئی طرح کے پھول لگائے جاسکتے ہیں جس سے گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جائیں . گلدان میں سجے پھولوں کا ایک گلدستہ یا تازہ پھولوں پر مشتمل ایک ٹوکری کو ڈائننگ ٹیبل کے درمیان میں سجا دینے سے نہ صرف کمرے کے حسن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کھانے کے لطف کو بھی دوبالا کرنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ یہ آپ کے ذوق اور سلیقے کو بھی ظاہر کرتے ہیں اور آپ کی ماحول دوست طبیعت کی عکاسی بھی کرتے ہیں . عام طور پر کچن سے لے کر ڈرائنگ روم تک کئی جگہیں ایسی ہوتی ہے جو خالی پڑی ہوتی ہیں اور اگر مہارت کے ساتھ ان کونوں اور جگہوں کو پھولوں سے سجا دیا جائے تو نہ صرف گھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ گھر کی فضا بھی خوشبو سے معطر رہتی ہیں ۔ گھر میں تازہ پھولوں کی موجودگی اور ماحول میں انکی رچی بسی خوشبو دل و دماغ پر بھی اچھا تاثر مرتب کرتی ہے اور ذہن پر چھائی کلفت اور اداسی و پریشانی کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے .