انسداد دہشتگردی لائحہ عمل منظور
ریاض۔۔۔ سعودی کابینہ نے انسداد دہشتگردی و مالی اعانت جرائم کے لائحہ عمل، محکمہ تفریحات کے قانون اور فروغ افرادی قوت ریسرچ نظام کی منظوریاں دیدیں۔ ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے تاکید کی کہ ایٹمی کنٹرول اتھارٹی اپنے قیام کے پہلے مرحلے میں اپنے کام عالمی معیار و ضوابط کے مطابق نمٹائے۔ وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد سعودی خبررسا ں ادارے ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے 9فیصلے کئے۔ کوریا کے ساتھ شہری خدمات پر مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر شہری خدمات کو تفویض کیا۔ برطانیہ او رشمالی آئرلینڈ کے ساتھ ملازمین کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دیدی۔ ایٹمی کنٹرول اتھارٹی کو عبوری دور میں اپنے کام عالمی قاعدے ضابطے کے مطابق انجام دینے کی ہدایت دی۔ کابینہ نے طے کیا کہ ساما ہی سعودی عرب میں ادائیگی کا نظام چلانے، مالیاتی تصفیہ اورمالیاتی خدمات انجام دینے نیز انکی نگرانی کرنے والابااختیار ادارہ ہے۔ کابینہ نے متعدد تقرریاں بھی کیں۔