اردگان کا امریکی مشیر قومی سلامتی سے ملنے سے انکار
استنبول...ترکی اور امر یکہ کے درمیان تعلقات میں پھر تناو آگیا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات بغیر واپس چلے گئے۔ جان بولٹن نے ترک ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم کالن، دفاع اور خارجہ نے معاون وزرا خارجہ اور انٹیلی جنس کے معاون سے ملاقات کی تاہم صدر طیب اردگان اور وزیراعظم نے جان بولٹن کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ ترک صدر نے جان بولٹن کے اس بیان پر شدید تنقید کی جس میں شام سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کردوں کے تحفظ کا یقین دلایا گیا تھا۔ترکی شام کے کرد جنگجووں کو دہشت گرد خیال کرتا ہے۔ اردگان نے کہا کہ اسرائیل کے دورے کے دوران جان بولٹن نے جو کچھ کہا ہے وہ ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ جان بولٹن نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل کے دورے کے دوران جان بولٹن نے کہا تھا کہ شام سے امریکی فوج کے انخلا میں وہاں پرموجود امریکی اتحادیوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ کردوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔