القطیف میں 5سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
ریاض ۔۔۔۔ ریاستی سلامتی پریذیڈنسی کے ترجمان نے منگل کو القطیف میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات بدھ کو جاری کردیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی آپریشن میں 6دہشتگرد مارے گئے۔ ایک گرفتار کرلیا گیا۔سیکیورٹی کے 5اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ یہ سب زیر علاج ہیں۔ خطرے سے باہر ہیں۔ کوئی بھی راہگیر یا آس پاس کا رہائشی فائرنگ سے متاثر نہیں ہوا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے 7مشین گنیں، 3بم ، پستول، مشین گنوں کی 593گولیاں، پستول کی 30گولیاں، 21 میگزین اور 22موبائل ضبط کئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورس کو اطلاع ملی تھی کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد القطیف کمشنری کے الجش قصبے کے ایک مکان میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ وہ علاقے کے سماجی نظام کو تہہ و بالا کرنے اور بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں۔ وہ القطیف میں ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی مکان کی ناکہ بندی کرلی گئی۔ وہاں پولیس کو مطلوب 7افراد موجود تھے۔ انہیں خود کو پولیس کے حوالے کرنے کیلئے کہا گیا تاہم انہوں نے جواب میں سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ راہگیروں اور آس پاس موجود شہریوں کو انکے خطرات سے بچانے کیلئے جوابی کارروائی کی گئی۔ جس کے نتیجے میں عبدالمحسن الاسود، حمار ناصر علی ابو عبداللہ، علی حسن علی، عبدالمحسن عبدالعزیز آل ابو عبداللہ، حسین مکی الشبیب ، یحییٰ زکریا مہدی آل عمار مارے گئے جبکہ عادل جعفر تحیفہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ وہ زخمی ہوگیا تھا۔ اسپتال میں زیر علاج ہے خطرے سے باہر ہے جبکہ سیکیورٹی کے 5اہلکار زخمی ہوئے یہ سب اسپتال میں زیر علاج ہیں اور خطرے سے باہر ہیں۔ کوئی بھی راہگیر یا آس پاس کا رہائشی فائرنگ سے متاثر نہیں ہوا۔ ترجمان نے عندیہ دیا کہ سیکیورٹی اہلکار خارجی فریقوں کا ایجنڈا نافذ کرنے والے جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ سیکیورٹی اہلکار دشمنوں کو مملکت کے امن و استحکام کو زک پہنچانے سے روکنے میں کامیاب رہیں گے۔ ریاستی سلامتی کے ادارے نے مطلوبین سے ایکبار پھر اپیل کی کہ وہ پہلی فرصت میں خود کو پولیس کے حوالے کردیں۔ اسی میں انکی بھلائی ہوگی۔