Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان فٹبالر خواب دیکھیں اور تکمیل میں لگ جائیں، اسٹارفٹبالرز کا مشورہ

کراچی:پاکستان میں ورلڈ سوکر اسٹارز2019ءکے افتتاح کیلئے برازیل کے اسٹار فٹبالر ریکارڈو کاکا اور پرتگال کے اسٹار لوئس فیگو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ کاکا اور فیگو کی ٹیمیں کراچی اور لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔یہاں ایک تقریب میں فیگو نے خطاب کرتے ہوئے بہترین انداز میں خوش آمدید کہے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام فٹبال سے بہت زیادہ لگاو رکھتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے کوچ ہوزے انتونیو نوگوئرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم 26اور 29 اپریل کومیچ کھیلنے کے لئے 10 عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔ برازیلین اسٹار کاکا نے بھی شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں اور وہ اس ملک اور یہاں کے عوام کے بارے میں بہت اچھی رائے رکھتے ہیں۔تقریب میں پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین اور مڈفیلڈر سعداللہ موجودتھے ۔مہمان کھلاڑیوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو محنت اور ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو پروان چڑھانے اور کھیل کے فروغ کے لئے حکومت اقدامات کرے۔ پاکستان میں کرکٹ کی طرح فٹبال زیادہ مقبول نہیں لیکن اب دروازے کھل رہے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ وہ خواب دیکھیں اور پھر اس کی تکمیل میں لگ جائیں ۔اس موقع پر پرتگال کے لوئس فیگو کا کہنا تھا کہ میں ایشیا کے ایک اور ملک میں فٹ بال کو ابھرتے ہوئے دیکھنے کیلئے پرجوش ہوں۔اس دورے کے منتظمین نے بتایا تھا کہ اسٹار کھلاڑیوں کا یہ دورہ کراچی اور لاہور کے شہریوں بالخصوص فٹ بال کے پرستاروں کوان سے ملنے کا موقع فراہم کرے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: