الاخوان اور خوارج سے نجات ہمارا مشن،وزیر
ریاض ۔۔۔ وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ نام نہاد عرب بہار انقلاب عرب دنیا کے مسلمانوں کو تباہ کرنے والی زہریلی بغاوتیں تھیں۔ ان سے اقوام و ممالک کی تباہی ہوئی۔ انہوں نے ریاض میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ و بدی کے علمبرداروں اور اقوام عالم کے جذبات کے تاجروں کو کھل کھیلنے کا موقع ملنے سے عرب ممالک میں تباہی و بربادی اور خونریزی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمن سعودی عرب پر ظالمانہ حملے کررہے ہیں۔ افسوسناک اور درد ناک امر یہ ہے کہ اسلام سے منسوب لوگ بھی فتنے پھیلانے ، مسلمانوں کا شیرازہ پراگندہ کرنے اور جذبات مشتعل کرنے میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں سے نجات حاصل کرنا، الاخوان اور خارجیوں اور ان کی ہمرکابی کرنے والوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔