ہندوستان میں مسلمان کو تعلیم کے میدان میں مزید آگے آنے کی ضرورت ہے ، پروفیسر محمد مسعود
جدہ ( امین انصاری )حیدرآباد دکن کی درسگاہ دکن اسکول آف مینجمنٹ کے سابق پرنسپل اور انڈو یو ایس اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد مسعود احمدکے اعزاز میں تلنگانہ این آرا ٓئی فورم کی جانب سے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ جنرل سیکریٹری محمد لئیق نے مہمان اور شرکاءکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر محمد مسعود احمدکو 26 سال کی عمر میں سب سے کم عمر پرنسپل بننے کا اعزاز حاصل ہے ۔پروفیسر مسعود احمد نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم کے میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تب ہی ہم ہندوستان میں سرخرو اور کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کا اہم مسئلہ تعلیم اور روزگار ہے۔ ایسے میں قوم و ملت کا درد رکھنے والے احباب کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں میں روزگار کے مواقع کی زیادہ سے زیادہ رہنمائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے جہاں انسان میں نکھار آتا ہے وہیں سفر انسان کو زندگی کے نشیب و فراز اور ملک و شہر کی تہذیب و تمدن کو اپنانے کے مواقع فراہم کرتا ہے ۔ سفر بھی تعلیم کا ایک حصہ ہے ۔تعلیم یافتہ لوگ، تاجر یا سیاستداں بیرون ملک سفر کرنے کے دوران وہاں کی اکنامی ، ایجوکیشن اور ایمپلائمنٹ کا مشاہدہ کریں اور اپنے ملک کے نوجوانوں کی رہنمائی کریں ۔ اس سے طلباءمیں نہ صرف اعتماد کی فضا بحال ہوگی بلکہ ان کی حقیقی رہنمائی ہوگی ۔ ہم اپنے تعلقات کی بنیاد پر قابل طلباءکو بیرون ملک داخلوں میں رہنمائی کرتے ہیں اور انہیں اس ملک کی معیشت سے آگہی دیتے ہیں ۔ہمارے طلباءمیں رسائی کا فقدان ہے۔ انہوں نے مملکت سے وطن عزیزواپس جانے والے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ریاستی حکومت سے ملنے والی مراعات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت کی طرف راغب ہو ںاور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو روبہ عمل لاتے ہوئے قوم و ملت کی خدمت کریں ۔اس موقع پر تاجر نظام الدین اور محمد افتخار نے پروفیسر مسعود احمد کی شال پوشی کی جبکہ محمد لئیق نے گلدستہ پیش کیا ۔